حیدرآباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی پر فرد جرم عائد کردی تاہم انیس قائم خانی نے صحت جرم سے انکار دیا۔
پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی حیدرآباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان کے خلاف اقدام قتل اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کی سماعت ہوئی، عدالت نے پی ایس پی رہنما پر فرد جرم عائد کردی تاہم انیس قائم خانی نے صحت جرم سے انکار دیا۔ عدالت نے تمام گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت چودہ دسمبر تک ملتوی کردی۔
اس خبر کو بھی پڑھیں : پاکستان کے پہلے 3 ڈی ٹی ایچ لائسنس نیلام کردیے گئے
احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ امید ہے اس کیس میں بھی بری ہوجائیں گے جب کہ حیدرآباد میں پی ایس پی کے جلسہ عام میں دس ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی کے خلاف 1994 میں کینٹ تھانے میں اقدام قتل سمیت جلاؤگھیراؤ کا مقدمہ درج ہے اور انہوں نے پہلے ہی ضمانت کرا رکھی ہے۔