کراچی: سندھ پولیس نے سابق صدر آصف علی زرداری کی وطن واپسی کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔
یس نیوز کے مطابق سابق صدر اور مشترکہ چیرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کی وطن واپسی پر سندھ پولیس نے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ قائم مقام آئی جی سندھ مشتاق مہر کے مطابق سابق صدر کی وطن واپسی پر شہر بھر میں مجموعی طورپر پولیس کے 5 ہزار 711 اہلکار و افسران تعینات کئے گئے ہیں جن میں پولیس کے 3 ہزار 201 اور ایس ایس یو کے 502 اہلکار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس کی 92 اور ایس ایس یو کی 43 موبائلیں بھی ڈیوٹی پر مامور ہوں گی۔قائم مقام آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے بھی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر 1 ہزار اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ ٹریفک پولیس حکام کے مطابق آصف علی زرداری کی وطن واپسی کے موقع پر ٹریفک پولیس کے 7 ایس ایس پیز، 15 ڈی ایس پیز، 5 انسپکٹرز اور 100 سب انسپیکٹرز ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔ اور ان کے ساتھ 125 اسٹنٹ سب انسپکٹرز، 100 ہیڈ کانسٹیبلز اور 600 سپاہی بھی اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے لفٹرز اور پیٹرولنگ پر 30 موٹر سائیکلوں سمیت 60 گاڑیاں بھی موجود رہیں گی۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق سابق صدر کے استقبال کے لئے آئے وی آئی پیز کی گاڑیاں ٹرمینل ون اور میڈیا کی ٹرمینل ون کے گیٹ نمبر1 اور 2 کے درمیان پارک ہوں گی جب کہ خصوصی میڈیا پاسز اور اسٹیکر کی حامل گاڑیوں کو اسٹار گیٹ سے جلسہ گاہ تک جانے کی اجازت ہوگی۔ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کے موقع پر ایمبولینسز کو ہنگامی راستہ فراہم کیا جائے گا جب کہ شارع فیصل کو کسی بھی مقام پر بلاک نہیں ہونے دیا جائے گا۔