counter easy hit

پیر کے روز سب سے بڑے چاند ’’سپر مون‘‘ کا نظارہ کرنے کیلیے تیار رہیں

On Monday, the moon, super moon "to be ready to view.

On Monday, the moon, super moon “to be ready to view.

کراچی: 14 نومبر 2016 کی رات آسمان پر چاند معمول سے بہت بڑا اور نمایاں ہوگا جسے ’’سپر مُون‘‘ بھی کہا جارہا ہے۔

چاند کے بڑے ہونے کا آپ کی خوش نصیبی اور بدقسمتی سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ ایک قدرتی مظہر ہے جو اُس وقت ہوتا ہے جب چاند نہ صرف زمین سے کم ترین فاصلے پر ہو بلکہ اس موقعے پر وہ نئے چاند (ہلال) یا پورے چاند (بدرِ کامل) کی صورت میں دکھائی بھی دے رہا ہو۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 14 اور 15 نومبر 2016 کی درمیانی شب نمودار ہونے والا سپر مُون (جو دراصل بدرِ کامل بھی ہوگا)آسمان پر اپنی ظاہری جسامت کے اعتبار سے مختصر ترین بدرِ کامل (مائیکرو مُون) کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ بڑا اور30 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔

واضح رہے کہ اُس روز پاکستان میں شام 6 بج کر 52 منٹ پر پورا چاند ہوگا جب کہ (پاکستانی وقت کے مطابق) 14 نومبر 2016 کی سہ پہر 4 بج کر 15 منٹ پر چاند کا زمین سے فاصلہ صرف 356,508 کلومیٹر ہوگا جو چاند اور زمین کے اوسط درمیانی فاصلے کے مقابلے میں 27,992 کلومیٹر کم ہوگا۔ گویا پاکستان میں رہنے والے لوگ پوری رات ’’سپر مُون‘‘ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

پچھلی بار بدرِ کامل کے موقعے پر چاند زمین سے اتنا زیادہ قریب 26 جنوری 1948 میں آیا تھا یعنی اتنا بڑا سپر مُون آج سے تقریباً 69 سال پہلے ہوا تھا۔ لیکن اگلا سپر مُون جو 25 نومبر 2034 کو ہوگا اس سے بھی زیادہ بڑا ہوگا کیونکہ اُس وقت بدرِ کامل کے موقعے پر چاند اور زمین میں فاصلہ اور بھی کم ہوگا۔

سپر مُون کیوں ہوتا ہے؟

یہ تو ہم سب ہی جانتے ہیں کہ چاند، زمین کے گرد چکر لگا رہا ہے لیکن زمین کے گرد اس کا مدار (آربٹ) کسی گول دائرے کی شکل میں نہیں بلکہ بیضوی (انڈے جیسی) شکل کا ہے۔ اسی لیے چاند کا زمین سے اوسط فاصلہ تو 384,500 کلومیٹر بتایا جاتا ہے لیکن اپنے بیضوی مدار کے باعث زمین سے اس کی زیادہ سے زیادہ دُوری 405,504 کلومیٹر تک پہنچ جاتی ہے جسے فلکیاتی زبان میں ’’اپوجی‘‘  کہتے ہیں۔ اس کے برعکس چاند اور زمین میں کم سے کم فاصلہ 363,396 کلومیٹر ہوتا ہے جس کا فلکیاتی نام ’’پیریجی‘‘  ہے۔

یعنی ہم یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ پیریجی کے موقعے پر چاند کا زمین سے فاصلہ، اپوجی کے مقابلے میں 42,108 کلومیٹر کم ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ جب اس وقت نیا یا پورا چاند بھی ہوتا ہے تو وہ جسامت میں بھی نسبتاً بڑا دکھائی دیتا ہے۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ لگ بھگ ہر 14 بدرِ کامل میں سے ایک کے موقعے پر چاند کا زمین سے فاصلہ کم ہوتا ہے اور وہ دیکھنے میں معمول سے بڑا بھی لگتا ہے لیکن کم سے کم فاصلے (پیریجی) والا پورا چاند یعنی ’’سپر مُون‘‘ برسوں کی برسات میں ہوتا ہے۔ 14 نومبر 2016 کی شام ایسا ہی ایک نادر موقعہ آرہا ہے۔

البتہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس موقعے پر نجومیوں اور غیب دانوں کی خرافاتی پیش گوئیوں پر یقین کرکے بدحواس ہونے کے بجائے اس موقعے کو نظامِ قدرت کی سمجھ بوجھ میں اضافے اور توہمات سے چھٹکارے کے لیے استعمال کیا جائے۔

 

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website