برطانوی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ وہ بانی ایم کیو ایم کے معاملے پر پاکستان کی تشویش سمجھتی ہیں۔ بانی ایم کیوایم پرکیسز اورانصاف کے تقاضے پورے کیےجائیں گے،یہ پولیس اور سی پی ایس کا معاملہ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ ٹھیک اقدامات کریں گے ۔وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ اس معاملے پر کسی بھی سطح پر اختلاف رائے نہیں ہے۔اس ایشو پر شفاف تحقیقات سے متعلق بریفنگ پر مطمئن ہوں۔
اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار نے برطانوی ہم منصب امبرروڈ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کے مذاکرات اور معاہدوں پر بہت سے زیادہ مطمئن ہوں۔ برطانیہ سے پاکستان کے مستحکم تعلقات ہیں،ہمارے درمیان ایسے کوئی مسائل نہيں جو دوملکوں کے تعلقات ميں رکاوٹ ہوں۔برطانوی ہم منصب کے ساتھ خوشگوار ، مثبت اورکئی معاملات پربات چیت ہوئی ۔سیکورٹی ، انسداددہشت گردی ،منشیات، امیگریشن پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔
انہوں نے کہا ہے کہ برطانوی وزیر داخلہ سے اطلا عات کے تبادلے کے حوالے سے بھی بات ہوئی ہے۔ برطانیہ کے ساتھ دومعاہدوں پردستخط ہونے ہیں۔ ملاقات میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے نکتہ نظر کو سمجھا ہے ۔دونوں ملکوں نے مشترکہ مسائل کے حل پر اتفاق کیا ہے۔توقع ہے برطانوی حکام آئندہ بھی پاکستان کا دورہ کرتے رہیں گے۔