لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت قوم کی بیٹیوں کی عصمت دری اور قتل پر خاموش نہیں رہے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے مردان میں معصوم بچی عاصمہ کے ہولناک قتل کی شدید مذمت کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مردان میں معصوم بچی کا زیادتی کے بعد قتل گہناونا جرم ہے، قصور اور مردان میں پاکستان کی معصوم بیٹیوں پرظلم کے پہاڑ توڑے گئے، دونوں صوبوں کے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی ناقابل معافی ہے، پیپلز پارٹی قوم کی بیٹیوں کی عصمت دری اور قتل پر خاموش نہیں رہے گی اور ہمارا مطالبہ ہے کہ درندوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ واضح رہے کہ ضلع مردان میں مقامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ 4 دن قبل بے دردی سے قتل کی جانے والی 4 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ قصور میں چند روزقبل 8 سالہ بچی زینب کو اغوا اورزیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اسے قتل کردیا گیا تھا، بچی کی لاش کچرا کنڈی سے ملی تھی۔