اسلام آباد (ویب ڈیسک )ساہیوال میں گزشتہ روز سی ٹی ڈی کے ” ریمنڈ ڈیوس “ نے چار افراد کو گولیاں برسا کر موت کے گھاٹ اتار دیا جس میں ایک13 سالہ بچی بھی شامل ہے جبکہ اس گاڑی میں بیٹھے تین بچے محفوظ رہے ہیں جنہیں لاہور منتقل کر دیا گیا ہے ۔اس واقعہ پر پوری قوم ہی غمزدہ ہےاور حکومت سے تیزترین کارروائی کا مطالبہ کیا جارہاہے اور اب تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین بھی میدان میں آ گئے ہیں اور انہوں نے انتہائی زبردست اعلان کر دیا ہے ۔جہانگیر ترین کا کہناتھا کہ سانحہ ساہیوال انتہائی لرزہ خیز اور ناقابل معافی ہے ، سینئر پولیس افسران ذمہ دار ہیں تو ان کا بھی حساب ہونا چاہیے ، انصاف ہونا چاہی ، اور تیزی کے ساتھ ہونا چاہیے ، ذمہ دار پولیس افسران کو سخت سزا ملنی چاہیے ۔ساہیوال واقعہ میں مارے جانے والے افراد کے رشتہ دار جو 293 ای بی میں مقیم ہیں، انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا خلیل احمد سکنہ لاہور اور اس کے اہل خانہ کا دہشت گردی سمیت کسی قسم کے جرائم سے تعلق نہیں۔ خلیل، نبیلہ، اریبہ اور ڈرائیور ذیشان کو ناحق قتل کیا گیا۔پولیس نے مبینہ طور پر اپنی نا اہلی چھپانے کیلئے انہیں دہشت گرد قرار دیا ہے۔ رضوان سکنہ 293 ای بی نے کہا خلیل اپنے اہل خانہ کے ہمراہ میری شادی میں شرکت کے لئے آرہے تھے ان کا کسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں لگتا۔ اہلیان دیہہ نے احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فائرنگ میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے سزا دی جائے اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔ مظاہرین نے کہا ہمیں انصاف نہ ملا تو احتجاج کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھا دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ میں مارے جا نے والے افراد کی تدفین ان کے آ بائی گاﺅں 293ای بی میں ہی متوقع ہے۔