اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو قومی اسمبلی کے سپیکر کیلئے کارڈ کے بغیر ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی تو پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے اعتراض اٹھایا تو سپیکر نے اطمینان بخش جواب دیتے ہوئے معاملہ ختم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان جب ووٹ ڈالنے کیلئے سپیکر کے ڈائس کے آگے پہنچے تو انہوں نے اپنی جیبیں چیک کیں لیکن انہیں کارڈ نہیں ملا اور وہ اسے گھر بھول آئے جس پر انہوں نے ایاز صادق سے اجازت طلب کی تاہم سپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان کو اجازت دی تو انہوں نے کارڈ کے بغیر ووٹ کاسٹ کیا جس پر پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس بھی کارڈ نہیں تھا لیکن مجھے ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی گئی اور کہا گیا کہ کارڈ لائیں یا پھر نیا بنوائیں۔ میں کارڈ بنوا کر لایا تو مجھے ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی لیکن عمران خان کو بغیر کارڈ ہی ووٹ ڈالنے کی اجازت دیدی گئی۔
سپیکر ایاز صادق نے اس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کارڈ نہ ہونے پر مجھ سے رابطہ کیا اور اجازت طلب کی جس پر میں نے انہیں اجازت دیدی لیکن آپ نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا اور اگر آپ کرتے تو میں اجازت دے دیتا۔
واضح رہے کہ عمران خان نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور سپیکر کے کرسی کے پیچھے سے نکل گئے اور ایاز صادق کے ساتھ ہاتھ نہیں ملایا بلکہ صرف سر سے ہی سلام کا اشارہ کیا۔