ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور انوشکا شرما کی حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کی ناکامی کے بعد شائقین نے شاہ رخ خان سے پیسوں کی واپسی کا مطالبہ کردیا۔
ایک وقت تھا جب بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلمیں ریلیز ہوتے ہی ریکارڈ بزنس کرتی تھیں لیکن آج کل بالی ووڈ پر حکمرانی کرنے والے خانز کا وقت اچھا نہیں چل رہا جب ہی تو پہلے سلمان خان کی ٹیوب لائٹ باکس آفس پر ناکامی کا شکار ہوئی اور اب شاہ رخ خان کی جب ہیری میٹ سیجل شائقین کو متاثر نہ کرسکی یہاں تک کہ شائقین فلم سے اس قدر مایوس ہوئے ہیں کہ انہوں نےبھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے مدد کی درخواست کرنے کے ساتھ اپنے پیسوں کی واپسی کا مطالبہ کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم دیکھنے کے بعد ٹویٹر پر ایک صارف نے سشما سوراج کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ میم میں اس وقت شاہ رخ انوشکا کی فلم جب ہیری میٹ سیجل دیکھ رہا ہوں اور فلم سے اس قدر بیزار ہوگیا ہوں کہ مجھے آپ کی مدد کی ضرورت ہے مہربانی کرکے مجھے بچائیے۔ ایک اور صارف نے فلم دیکھنے کے بعد ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پیسوں کی واپسی کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ فلم دیکھ کر میرا وقت برباد ہوا ہے لہٰذا میرے پیسے واپس کیے جائیں، جب کہ ایک اور صارف نے فلم کے ہدایت کار امتیاز علی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ فلم میں ان دونوں کو ملانےکی کیا ضرورت تھی۔