نئی دہلی: بزدل بھارتی فوجیوں کی بڑی تعداد اپنے ہاتھوں ہی اپنی زندگی کا خاتمہ کررہی ہے اور رپورٹ کے مطابق ہر 3 روزمیں ایک بھارتی فوجی خودکشی کرتا ہے۔
بھارتی وزارت دفاع نے یکم جنوری 2014 سے 31 مارچ 2017 تک کی رپورٹ جاری کی ہے جس میں تینوں مسلح افواج میںخودکشی کے بڑھتے رجحان کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ہر 3 دن میں ایک فوجی نے خودکشی کی جب کہ خودکشی کرنے والے 80 فیصد اہلکاروں کا تعلق زمینی فوج سے ہے جن کی کل تعداد 276 بنتی ہے جب کہ اسی دوارنیے میں بحری فوج میں شامل 12 اہلکاروں نے خود اپنی جان لے لی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1185 روز میں 348 فوجیوں نے دوران ڈیوٹی اپنی زندگی کا خاتمہ کیا ۔ خودکشی کرنے والوں میں بڑی تعداد ان اہلکاروں کی تھی جو عرصہ دراز سے مقبوضہ کشمیر میں تعینات تھے جنہوں نے ذہنی تناؤ کے باعث زندگی سے تنگ آکر موت کو گلے لگا لیا۔ دوسری جانب رواں ہفتے بھی مقبوضہ کشمیر کے جنوبی علاقے میں تعینات بھارتی فوجی نریندرا نے دوران ڈیوٹی خود کو گولی مار لی جس کی لاش اس کے آبائی شہر پہنچا دی گئی ہے۔اہل خانہ نے نریندر کی موت کی وجہ خودکشی قرار دیا ہے جس کے بعد وزارت دفاع اس فوجی کانام بھی خودکشی کرنے والے اہلکاروں کی فہرست میں شامل کررہی ہے۔