وزیر اعظم نواز شریف نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی سٹریٹجک اہمیت کا لوہا منوالیا، مخالفین کی ناکامی نوشتہ دیوار ،سابق صدر مسلم لیگ ، ن فرانس جاوید بٹ کا پارٹی راہنمائوں سے ملاقات میں اظہار خیال
پیرس(ایس ایم حسنین) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے سابق صدر اور سینئر راہنما جاوید بٹ نے پاکستان کے دورے سے واپس فرانس پہنچنے پر پارٹی راہنمائوں سے ملاقات کی اور انہیں اپنے دورہ پاکستان پر بریفنگ دی ۔
جناب جاوید بٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو ملکی اور عالمی سطح پر اس وقت دنیا کے بہترین راہنمائوں میں شمار کیا جارہا ہے۔ ملک میں جاری منصوبے بہت جلد پایہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں، بجلی ، گیس، دہشتگردی اور انفراسٹرکچر کی بحالی انتہائی اہم اقدامات ہیں جن کو قومی و بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب ملک میں ون پارٹی سسٹم رائج ہوگا کیونکہ اب پاکستان میں مسلم لیگ ن کے علاوہ کسی سیاسی پارٹی کا کوئی مستقبل نہیں۔ عوام کھرے اور کھوٹے کو پہچان چکے ہیں۔ دھرنے والے اب چھوٹی چھوٹی کارنر میٹنگز تک محدود ہو چکے ہیں اور مخالف پارٹیاں اب چاہ کر بھی پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت کے جاری کردہ منصوبوں کو رول بیک نہیں کراسکتیں۔