کراچی: سولجر بازار میں اناڑی سیکیورٹی گارڈ کی اتفاقیہ گولی چلنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا تاہم پولیس نے ایک سیکیورٹی گارڈکو گرفتار جب کہ دوسرا موقع سے فرار ہوگیا۔
سولجر بازار کے علاقے ڈیڑھ نمبر فلائی اسٹریٹ میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا اس حوالے سے ایس ایچ او رافع تنولی نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایک سیکیورٹی گارڈ احمد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ دوسرا اکرم موقع سے فرار ہوگیا ۔ رافع تنولی نے بتایا کہ مقتول کی شناخت32 سالہ عدنان کے نام سے ہوئی ہے جو کہ علاقے میں واقع ایک رہائشی عمارت کے مکین ارشاد کے پاس ڈرائیور کی ملازمت کرتا تھا اور رات تقریباً سوا آٹھ ساڑھے آٹھ بجے کے قریب اپنی ڈیوٹی ختم کر کے موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ علاقے کی سیکیورٹی کے لیے تعینات کیے جانے والے سیکیورٹی گارڈ کے پاس روک کر باتیں کر رہا تھا کہ اس دوران شارٹ گن صاف کرتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ سے اتفاقیہ فائر ہوگیا جو عدنان کی بائیں آنکھ پر لگا اور عقب سے پار ہوگیا جس کے نتیجے میں وہ زندگی کی بازی ہار گیا ، جاں بحق ہونے والا عدنان رنچھوڑ لائن کا رہائشی تھا جبکہ وہ 2 بھائیوں اور 2 بہنوں میں سب سے چھوٹا تھا۔