نارووال: وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیازی صاحب، جس کو آپ جنگلہ بس کہتے تھے وہ پشاور میں پتا نہیں کب مکمل ہوگی،عمران خان آپ مجھے شوباز اور خطرناک کہتے تھے خود ایک بھی نیا ہسپتال نہیں بنایا، آپ نے تو پشاور کا حلیہ بگاڑ دیاہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال نارووال کی تعمیر نومنصو بے کا افتتاح کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہسپتال کی تعمیرنو پر تقریباً 76 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، اس ہسپتال میں سی ٹی اسکین کی سہولت 24گھنٹے میسر ہوگی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آج پنجاب کے ہر ہسپتال میں ادویات میسر ہیں،ہمارے لئے سب برابر ہیں،لاکھوں لوگوں نے اس لئے قربانی نہیں دی تھی کہ غریب کا علاج بھی نہ ہوسکے،آج پنجاب کے سرکاری اسپتال میں24گھنٹے مفت سی ٹی سکین ہورہے ہیں اور مریضوں کوعلاج کے لئے ایک ڈھیلا نہیں دیناپڑےگا،خادم اعلی کا مزید کہنا تھا کہ ہم عام آدمی کے لئے کروڑوں اربوں روپے خرچ کررہے ہیں،آج ہسپتالوں میں عام آدمی کو وہی دوا مل رہی ہے جو اشرافیہ استعمال کرتی ہے،دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی اور کام نہیں ہوسکتا،پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں گردوں کا مفت علاج ہو رہا ہے ادویات دی جارہی ہیں ہماری حکومت نے آٹومیٹک بستر لگائے گئے ہیں۔پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیازی صاحب، جس کو آپ جنگلہ بس کہتے تھے وہ پشاور میں پتا نہیں کب مکمل ہوگی،عمران خان آپ مجھے شوباز اور خطرناک کہتے تھے خود ایک بھی نیا ہسپتال نہیں بنایا، آپ نے تو پشاور کا حلیہ بگاڑ دیاہے۔میں نے ہسپتال بنائے میں ایسا خطرناک آدمی ہوں۔