نئی دہلی (کامران غنی صبا) قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے سابق ڈائرکٹر اور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی میں شعبہ اردو کے پروفیسر ڈاکٹر خواجہ اکرام نے سائبر ورلڈ کو ایک انوکھا تحفہ دیا ہے۔ انہوں نے اپنی ویب سائٹ www.khwajaekram.com پر آن لائن تبصرہ کا نیا سلسلہ شروع کیا ہے۔
ڈاکٹر خواجہ اکرام نے اردو نیٹ جاپان کے مدیر اعزازی کامران غنی صبا کو بتایا کہ ٹکنالوجی کے اس عہد میں ہر شخص کم سے کم وقت میں بہتر سے بہتر نتائج کا متلاشی ہے۔ شعرا و ادبا کی ایک بڑی تعداد انٹرنیٹ پر موجود ہے۔ انٹرنیٹ پر شعر و ادب کی ایک نئی دنیا آباد ہو چکی ہے۔ نوجوانوں کا ایک بڑا طبقہ اپنے ادبی ذوق کی تسکین کے لیے انٹرنیٹ کا سہارا لے رہا ہے۔
انٹرنیٹ کے بڑھتے استعمال کی وجہ سے کتب و رسائل کی جانب توجہ میں کسی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین نے کہا کہ نئی نسل کو زبان و ادب کی نئی کتابوں سے روشناس کرانے کے لیے ہی ”آن لائن تبصرہ” کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویب سائٹ پر تبصرہ کی اشاعت کے لیے مصنفین کو ڈاک سے کتاب بھیجنے کے بھی ضرورت نہیں ہے۔ بس ایک میل کے ذریعہ کتاب کی سافٹ کاپی(پی ڈی ایف) Khwajaekram@gmail.com پر بھیجی جا سکتی ہے۔
ڈاکٹر اکرام نے بتایا کہ ابتدائی طور پر تقریباً ایک درجن کتابوں پر تبصرے سائٹ پر اپلوڈ کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہ کام ذاتی طور پر شروع کیا ہے۔ اگر یہ سلسلہ کامیاب رہا تو اس میں مزید پیش رفت کی جائے گی۔