راولپنڈی : آپریشن ضرب عضب کو ایک سال مکمل ہونے پرپاک فوج نے اس کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق آپریشن کے دوران 2 ہزار 763 دہشت گرد ہلاک اور ان کے 837 ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل عاصم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹس میں بتایا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران 347 افسر اور جوان شہید ہوئے جب کہ ایک سال میں فاٹا اور خاص طورپرشمالی وزیرستان اورخیبرایجنسی میں واضح کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
جب کہ کئی علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پاک افغان سرحد کے قریب تک پہنچ چکا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران اب تک 2 ہزار763 دہشت گرد ہلاک اور ان کے 837 ٹھکانے تباہ کرتے ہوئے 253 ٹن بارودی مواد برآمد کیا جاچکا ہے۔