کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 27 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ نیو رضویہ سوسائٹی سے مذہبی رہنما علامہ احمد اقبال کو حراست میں لے لیا گیا۔
کراچی کے علاقے نیو رضویہ سوسائٹی میں پولیس نے کارروائی کرکے مذہبی رہنما علامہ سید احمد اقبال کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین نے علامہ احمد اقبال کی حراست کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ رینجرز نے پٹیل پاڑا کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلے اور خارجی راستے بند کرکے مخصوص گھروں کی تلاشی لی اور3 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا۔
ادھر عزیز آباد کے علاقے بھنگوریا گوٹھ میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، جن سے تفتیش جاری ہے۔ گلستان جوہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرکے 2مفرور ملزمان سمیت7 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ جن میں مٹھا خان اور اس کے دو ساتھی بھی شامل ہیں، جو زمین پر قبضوں میں ملوث تھے۔
دوسری جانب گلشن اقبال اور میٹروول کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے5 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
یو سی چیئرمین کی گرفتاری سے متعلق سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ آفتاب کو حراست میں نہیں لیا گیا، بلکہ صرف پوچھ گچھ کے لئے بلایا گیا تھا اور کچھ دیر بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔