کراچی: ڈی جی سندھ رینجرزمیجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز اور ان کے معاونین کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں اسکل ڈیویلپمنٹ سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سندھ رینجرزکا کہنا تھا کہ شہرمیں امن کے قیام کے لیے 3 سال کے دوران دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز، اغوا کاروں اوربھتہ خوروں کے خلاف آپریشن کرکے امن قائم کیا گیا۔ کراچی میں تمام ادارے امن کے لئے مل کرکام کررہے ہیں، دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز اور ان کے معاونین کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اورشہر میں امن وامان کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
میجرجنرل بلال اکبرنے کہا کہ سندھ رینجرز، صوبے اوروفاق کے ماتحت اداروں کی مدد سے تین بڑے اقدامات کررہی ہے جس کے تحت اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر قائم کیے جارہے ہیں، ان مراکز سے فارغ ہونے والوں کو نوکریوں کے مواقع ملیں گے۔ دہشت گردی کا شکار افراد کے رشتہ داروں کواسکل ڈیولپمنٹ سینٹرميں ترجیح دیں گے، اس کے علاوہ وکٹم سپورٹ پروگرام کے تحت مختلف حادثات و سانحات کے متاثرین کا ڈيٹا اکٹھا کرکے انہيں مدد فراہم کریں گے۔