اپوزیشن جماعتیں وزارت عظمیٰ کے لئے متفقہ امیدوار لانے کے معاملے پر تقسیم ہوگئیں تاہم تحریک انصاف کے علاوہ دیگر اپوزیشن جماعتیں آج اپنے امیدوار کا اعلان کریں گی۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس آج ان کے چیمبر میں ہوگا جس میں پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ق)، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی اور دیگر جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گی۔ اپوزیشن کی بیشتر جماعتوں نے وزارت عظمیٰ کے لئے سید نوید قمر، چوہدری پرویز الہیٰ اور غلام احمد بلور کے ناموں پر غور شروع کردیا جب کہ اجلاس کے دوران ان میں سے کسی ایک امیدوار کو وزارت عظمیٰ کے لئے اپوزیشن کا امیدوار نامزد کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ روز نامزد امیدوار شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے تھے تاہم عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی نے شیخ رشید کے نام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ قومی وطن پارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ طے ہوا تھا کہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کامعاملہ تمام جماعتیں مل کر کریں گی جب کہ اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور کا کہنا ہے کہ شیخ رشید مشترکہ اپوزیشن کے امیدوار نہیں اور حتمی فیصلہ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لئے نااہل قرار دیا تھا۔