اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن جماعتوں نے مشرق وسطیٰ فوج بھجوانے کے کسی فیصلے کی بھرپور مخالفت کا فیصلہ کیا ہے۔ اعتزاز احسن کہتے ہیں وزیر دفاع کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پالیسی بیان کو مبہم اور پارلیمنٹ کے ساتھ بھونڈا مذاق ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس میں مشرق وسطیٰ کیلئے پاکستانی مسلح افواج بھجوانے کے کسی بھی فیصلے کی بھرپور مخالفت کا فیصلہ کیا گیا۔
اپوزیشن جماعتوں کا موقف تھا کہ مشرق وسطیٰ کے حوالے سے حکومت پہلے اپنی پوزیشن واضح کرے اور سعودی عرب کے ساتھ طے ہونیوالے معاملات پارلیمنٹ کے سامنے رکھے جائیں، یمن اور سعودی عرب دونوں برادر اسلامی ممالک ہیں۔
حکومت کو دو اسلامی ممالک کے درمیان مصالحت کیلئے کردار ادا کرنا چاہیئے۔ اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف کے پالیسی بیان پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر واضح اور مبہم قرار دیا ہے ، پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر دفاع کا بیان پارلیمنٹ کے ساتھ بھونڈا مذاق ہے۔