انقرہ : سابق خاتون وزیر داخلہ میرل اکسنیرنے پارٹی کی سربراہ منتخب ہوتے ہی ملک کو ترقی یافتہ بنانے اور آئندہ صدارتی انتخابات میں ترک صدر سے مقابلہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
ترکی میں صدر رجب طیب اردوان کے نظریاتی مخالفین نے سابق وزیر داخلہ میرل اکسنیر کی سربراہی میں نئی سیاسی جماعت تشکیل دیدی ہے ۔ نئی پارٹی کا نام ‘‘ اچھی جماعت ’’ رکھا گیا ہے، انقرہ میں منعقدہ تاسیسی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میرل اکسنیر نے کہا کہ ہم ترکی کو پہلے سے مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کی جدوجہد کریں گے ۔ ترک شہریوں کی زندگیوں کو سہل اور انہیں خوشیوں کے نئے مواقع فراہم کریں گے اور ترکی کو امیرترین ملک بنائیں گے ۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ آئندہ صدارتی انتخابات میں صدر اردوان کا مقابلہ کریں گی۔ نئی پارٹی کے تاسیسی اجلاس میں میرل اکسنیر کے ہزاروں حمایتی اور ایسے سیاسی کارکن موجود تھے جو خود کو جدید ترکی کے بانی کمال اتاترک کے سیاسی افکار کا پیروکار کہتے ہیں۔ واضح رہے کہ 61 سالہ میرل اکسنیر ترکی کی پہلی خاتون وزیر داخلہ تھیں اور وہ 1996 سے 1997 کے دوران اس عہدے پر فائر رہیں تاہم فوج نے مداخلت کرکے اس وقت کی مخلوط حکومت کو آئینی مدت پوری ہونے سے قبل ہی برطرف کردیا تھا۔