وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین نے کارکردگی کے بجائے گالی کی سیاست کی ۔
وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی،جس کے دوران ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی امور پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر میاں شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ مخالفین نے جھوٹ بولنے کے ریکارڈ بنائے لیکن عوام پاکستان مسلم لیگ ن کی خدمت کی سیاست کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دی، عوامی خدمت کے باعث ہی مسلم لیگ ن سب سے مقبول جماعت ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ سیاسی مخالفین نے اپنے صوبوں میں عوام کا وقت ضائع کیا، اب یہ عناصرعوام کے پاس کس منہ سے جائیں گے۔
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم آئندہ انتخابات میں اپنا سرفخر سے بلند کرکے عوام کے پاس جائیں گے۔