اسلام آباد……تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کےماہرین نے پنجاب حکومت کواورنج ٹرین منصوبہ روکنے کا کہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس منصوبے سے لوگ بے گھر ہو رہے ہیں اور ثقافتی ورثے کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ کہ اقوام متحدہ کے ماہرین کے مطابق اورنج لائن ٹرین منصوبہ ثقافتی ورثے کو تباہ کررہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد روالپنڈی میٹرو بس کے 27 کلومیٹر لمبے روٹ پر 46 ارب روپے خرچ کیے گئے جبکہ پشاور میں اتنے ہی طویل ٹریک پر صرف 13 ارب روپے لاگت آئے گی۔عمران خان کا کہنا ہے کہ پشاور بس اسکیم سے ٹریفک مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی، ان کا کہنا ہے کہ وزیر ریلوے نے کئی درخواستوں کےباوجود پشاور بس منصوبے کے لیے ریلوے کی فاضل اراضی فراہم نہیں کی ۔