معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کے ذمہ دار افسروں کیخلاف فوری کارروائی کر کے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے :درخواست گزار
لاہور (یس اُردو) اورنج ٹرین منصوبے میں حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے کے باعث 13 شہریوں کی ہلاکت کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی ۔ یہ درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اورنج ٹرین منٓصوبے پر تعمیراتی کام کے دوران بین الاقوامی طے شدہ حفاظتی معیار کو اختیار نہیں کیا گیا جس کے باعث اب تک درجنوں معصوم شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کرنے سے قبل متبادل راستوں ، پانی ، بجلی کی سپلائی اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لئے نہ تو متعلقہ محکموں سے این او سی حاصل کئے گئے نہ ہی قوانین کی پاسداری کی جا رہی ہے جو کہ حکومت پنجاب کا غیر قانونی اقدام ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کے ذمہ دار افسروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے احکامات صادر کئے جائیں اور حکومت کو اورنج ٹرین منصوبے پر سختی سے حفاظتی اقدامات کا پابند بنایا جائے ۔