اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ میں خواجہ آصف کو مبارک باد دیتا ہوں کہ آج سپریم کورٹ نے آپ کو بحا ل کردیا ہے
اس بات کی خوشی ہے کہ اب سیالکوٹ کی عوام کی عدالت میں خواجہ آصف سے بڑا مقابلہ ہوگا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں جس طرح 5 پانچ سال عدالت میںخواجہ آصف کا مقابلہ کیا اسی طرح اب عوام کی عدالت میں مقابلہ کروں گا، اس بار الیکشن مین بہت زبردست مقابلہ ہوگا اورا س بات کی خوشی ہے کہ اب سیالکوٹ کی عوام کی عدالت میں خواجہ آصف سے بڑا مقابلہ ہو گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تفصیلی فیصلہ ابھی موصول نہیں ہوا اس کے بعد نظر ثانی میں جانے یا نہ جانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کچھ دیر قبل ہی سپریم کورٹ نے آج (جمعہ کو ) محفوظ کیا گیا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے سابق وزیر خارجہ کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت بھی دے دی ہے۔ سپریم کورٹ میں خواجہ آصف نا اہلی فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ بینچ میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں۔ آج (جمعہ کو ) سماعت کے دوران عثمان ڈار کے وکیل سکندر بشیر مہمند نے دلائل دیے، انہوں نے اپنے دلائل میں کہا کہ خواجہ آصف کی مدت بطور کابینہ ممبر کا ریکارڈ جمع کروایا ہے، ان کا بطور وزیر حلف دیکھ لیا جائے، خواجہ آصف نے حلف یہ اٹھایا کہ وہ ذاتی مفاد کو خاطر میں نہیں لائیں گے لیکن وہ وزیر ہوتے ہوئے بیرون ملک ملازم بھی رہے۔بعد ازاںخواجہ آصف کے وکیل منیر اے ملک نے جواب الجواب دیا۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے 11 بجے تک کیلئے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو اب سنادیا گیا ہے۔خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 26 اپریل کو تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو متحدہ عرب امارات کا اقامہ رکھنے پر تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔