کراچی: یورپین یونین کے قوانین برائے جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کو اوریجن سرٹیفکیشن کے لیے30 دسمبر2017 تک مکمل طور پر ریکس (آر ای ایکس) سسٹم پر منتقل کردیا جائے گا۔
’’ریکس‘‘ سسٹم کے نفاذ کے بعد ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان یورپین یونین کے جی ایس پی پلس پروگرام کے لیے اوریجن سرٹیفکیٹ کا اجرا بند کردے گی اور صرف ’’ریکس‘‘ سسٹم میں رجسٹرڈ برآمدکنندگان اپنے متعلقہ یورپین یونین کنسائمنٹس کے لیے اسٹیٹمنٹ آن اوریجن جاری کرنے کے اہل ہوں گے۔ ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹرکے برآمدکنندگان نے جی ایس پی پلس سرٹیفکیشن کے اجرا کا مینوئل سسٹم ختم ہونے اور خودکارنظام کے تحت سرٹیفکیشن کے مجوزہ نئے نظام متعارف کرانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نئے نظام کے ذریعے پاکستانی ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کے برآمدکنندگان کے حوالے سے غیرملکی خریداروں کوکم سے کم وقت میں آن معلومات اور حقائق سے آگہی ہوسکے گی اوران معلومات کی روشنی میں وہ اپنے پاکستانی فروخت کنندگان کو بلاجھجھک نئے برآمدی آرڈرز دے سکیں گے۔