ڈاکٹر اعجاز حیدر کو 30 نومبر کو او ایس ڈی بنایا گیا ، دروازے کے شیشے توڑ کر اندر داخل ہوکر قبضہ کر لیا ، کارروائی کیلئے پولیس کو درخواست
گجرات (یس اُردو) گجرات میں او ایس ڈی بنائے جانے پرای ڈی او ہیلتھ آگ بگولہ ہوگیا ، ڈاکٹر اعجاز حیدر نے آفس کادروازہ توڑ دیا، اور عملے سے بھی بد تمیزی کی ۔ڈیڑھ سال قبل ڈاکٹر اعجاز حیدر کو محکمہ صحت نے ای ڈی اوی ہیلتھ گجرات تعینات کیا جنہیں 30 نومبر 2015ءکو او ایس ڈی بنا کر لاہور سیکرٹری کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی جن کی جگہ ڈاکٹر طاہر بشیر کو ای ڈی او تعینات کرنے کے آرڈر محکمے نے جاری کر دئیے لیکن ڈاکٹر اعجاز حیدرنے یکم دسمبر کو سروس ٹربیونل لاہور سے تبادلہ کا سٹے آرڈر حاصل کرنے کا دعویٰ کررکھا ہے ۔تاہم ڈاکٹر طاہر بشیر نے چارج سنبھال کر سیٹ پرکام شروع کر دیا ۔ وہ اپنے دفتر سے ویڈیو لنک کانفرنس میں شرکت کے لئے گئے تو ڈاکٹر اعجاز حیدر نامعلوم حامیوں کے ہمراہ ای ڈی او دفتر میں لگے تالے کی جگہ شیشے کا دروازہ توڑ کر دوبارہ ای ڈی او کی سیٹ پر بیٹھ گئے جس پر پولیس طلب کر لی گئی ۔بعد ازاں ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ کو ڈاکٹر طاہر بشیر اور پیرا میڈیکل سٹاف نے تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا اور انہیں کارروائی کرنے کے لئے درخواست دیدی ۔ ڈاکٹر اعجاز حیدر کو محکمہ صحت کے ملازمین کی جانب سے شکایات اور فرائض میں غفلت برتنے پر او ایس ڈی بنایا گیا ۔