اوسلو (پ۔ر) خلوص نیت، محنت و مشقت، صبراور اللہ کی ذات پر توکل ایسے کلیے ہیں جو انسان کو کامیابی کی منزل تک لے جاتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ممتاز نارویجن پاکستانی سماجی و کاروباری شخصیت شیخ عظیم اللہ نے ڈاکٹریٹ ریسرچ سکالرسید سبطین شاہ سے یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شیخ عظیم اللہ نے کہاکہ انسان جب خلوص نیت اختیارکرلے اور خوب محنت اور لگن سے کام لے۔
پھر صبر کادامن تھام کر خداوند کریم کی ذات پر توکل کرلے توپروردگار ضروراس کو صلہ دیتاہے اورکامیابیوں سے نوازتاہے۔بعض اوقات انسان کوآزمائشوں سے بھی گزرناپڑتاہے لیکن ان امتحانات میں کامیابی کے لیے صبرواستقامت ضروری ہے۔ انسان خداسے امیدرکھے اور پھرشکرگزاربن جائے تو اللہ کی رحمتیں اور برکتیں اس پر نازل ہوناشروع ہوجاتی ہیں۔انھوں نے کہاکہ وہ جتنابھی خداکا شکر اداکریں، کم ہے۔ اللہ تعالیٰ نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے اور انھوں نے جس کی خواہش کی ، وہ مل گیا بلکہ اس نے تو میری تمناسے بھی بڑھ کردیاہے۔
شیخ عظیم اللہ 2000 ء میں ناروے آئے اور خوب محنت کی اور اولاد کی بھی اچھی تربیت کی۔ ناروے کے بارے میں ان کا کہناہے کہ ناروے ایک پرامن اورپرسکون ملک ہے اور ناروے آکر انھوں نے بہت کچھ سیکھاہے۔ انھوں نے ناروے آکر زندگی کے نئے تجربات حاصل کئے ہیں ۔یہ پختہ تجربات ہی ہیں جن کی وجہ سے زندگی کامیابی کی طرف گامزن ہوئی۔ سید سبطین شاہ نے شیخ عظیم اللہ کے تاثرات کا سراہا اور کہاکہ واقعاً زندگی میں نشیب و فرازآتے رہتے ہیں اور مشکلات کے بعد آسانی پیداہوتی ۔ انسان اپنی حکمت و دانش اورکوشش کے ذریعے اپنے حالات بدل سکتا ہے۔
خدانے انسان کو جو صلاحتیں دی ہیں و ہ کسی دوسری مخلوق کو عطانہیں کی۔ اسی لئے اسے سب سے اشرف مخلوق قرار دیا گیا ہے۔ اس فضیلت کے ساتھ ساتھ انسان کو بہت سی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں۔ اگرانسان اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے تو وہ اپنے اور دوسروں کے لیے آسانیاں پیداکرسکتاہے۔ انسان کو برائیوں اور برے کاموں سے روکنے کے لیے کچھ قواعدمقررکئے گئے ہیں تاکہ وہ خود بھی بہتر زندگی بسرکرسکے اور دوسروں کے لیے بھی بہتری کا باعث بنے۔