لاہور(ویب ڈیسک) متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے 29اگست کو صوبہ بھر کے تندوروں کی غیر معینہ مدت تک شٹر ڈان ہڑتال کی کال دے دی۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، 6 روپے کی روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا، حکومت سبسڈی نہ ملنے والے تندوروں کیلئے لائحہ عمل واضح کرے۔انہوں نے کہا کہ ہر کوئی روٹی پر سیاست کرتا ہے لیکن روٹی لگانے والوں کے حقوق کے حق میں نہیں بولتا، روٹی کو حکومت نے اپنی انا کا مسئلہ بنا لیا کہ روٹی 6 روپے کی بیچنی ہے جبکہ 8 روپے کی روٹی میں بھی تندور مالکان کو نقصان ہے۔ صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ ہم حکومت کو مذاکرات کیلئے 28 اگست تک کا وقت دے رہے ہیں، مطالبات نہ مانے گئے تو اسلام آباد سمیت پورے پنجاب میں ہڑتال کی جائے گی۔ یاد رہے کہ رواں ماہ 13 جولائی کو بھی آل پاکستان تاجران نے ملک گیر ہڑتال کی تھی جس کے بعد ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں پنجاب حکومت اور پاکستان ٹریڈرز الائنس کے درمیان 7 گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے جس میں لاہور تاجربرادری ہفتے کی ہڑتال کے معاملے پر تقسیم دکھائی دی، مذاکرات کے بعد دو گروپس نے کل ہڑتال کی کال واپس لے لی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرصنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا کہ چند مفاد پرست سیاست دانوں کو ہڑتال کامیاب بنانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ تنظیمیں سوشل میڈیا پر منفی پروپیگینڈا کررہی ہیں، آئی ڈی کارڈ کی شرط صرف مین ڈیلر کے لیے ہے جب کہ گلی محلے میں کاروبار کرنے والے چھوٹے دکانداروں پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ دوسری جانب کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کل دکانیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے اور فیصل آباد میں یکم جولائی سے پروسیسنگ انڈسٹری کی بندش کا برقرار ہے۔