اسلام آباد(ویب ڈیسک)سٹیٹ آف بینک نے پاکستانیوں کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے اب تک بیرون ملک سے ڈیم فنڈ میں ایک ارب روپے جمع کروا دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چھ جولائی کو ڈیم فنڈ کیلئے قائم ہونے والے بینک اکاونٹ میں اب تک مجموعی طور پر 8.46 ارب روپے جمع کروائے جا چکے ہیں جن میں سے ایک ارب روپے بیرون ملک پاکستانیوں نے عطیہ کیے جبکہ باقی 7.46 ارب روپے ملک میں سے عطیات دیئے گئے ہیں۔ پاکستانیوں نے 125 ملین روپے موبائل فون سے میسج کے ذریعے عطیہ کیے ۔ سٹیٹ بینک نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ امریکہ سے 362 ملین ، برطانیہ سے 214 ملین اور کینیڈا سے 107 ملین روپے ڈیم فنڈ کیلئے پاکستان بھیجے گئے۔۔ ڈیم کی تعمیر کیلئے تقریبا 14 بلین ڈالر کی ضرورت ہے ۔ سعودی عرب اور قطر سے 40 ، سویٹزرلینڈ سے 32 اور متحدہ عرب امارات سے 65 ملین روپے پاکستانیوں نے ڈیم فنڈ میں جمع کروائے۔ اس کے علاوہ افغانستان، آسٹریا، آذربائیجان، بنگلہ دیش، بیلجیئم، برازیل، برونائی، چین، ڈین مارک، ڈومینکن رپبلک، فن لینڈ، فیجی، بھارت ،آرلینڈ، اردن، جاپان، کرغرستان، مالدیپ، ملائیشیاء، نیدر لینڈ، نیوزی لینڈ، نائیجریا، ناروے، اومان، پیرو، فلپائنز، روس، جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ، سویڈن، تاجکستان، ترکی ،تھائی لینڈ اور تیونس سے میں رہنے والے پاکستانیوں کی جانب سے بھی عطیات بھیجے گئے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے چھ جولائی کو دیامر اور بھاشا ڈیم کی تعمیر کا بیڑا اٹھایا اور مہم کا آغاز کیا تاہم الیکشن کامیابی پا کر وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان بھی اس مہم کا حصہ بنے اور اوورسیز پاکستانیوں سے ملک بھر کی عوام سے دل کھول کر عطیات دینے کی درخواست کی۔وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر میں ڈیم نہ بننے کی صورت میں پیدا ہونے والے پانی کے بحران سے بھی قوم کو آگاہ کیا اور کہا کہ 2025 تک ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے۔ تاہم یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ چیف جسٹس نے حال ہی میں ابھی برطانیہ کا دورہ کیا جہاں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ڈیم فنڈ کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں چیف جسٹس نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستانیوں کی جانب سے ڈیم کی تعمیر کیلئے بھر پور حصہ ڈالا گیا۔ ڈیم فنڈ کے حوالےسے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وہ ڈیم فنڈ اکھٹا کرنے کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ایک کمیٹی قائم کریں گے، انہوں نے کہا تھا کہ وہ ڈیم فنڈ میں مزید عطیات لانے کیلئے اپنی پوری قوت استعمال کریں گے۔ یاد رہے کہ آج صبح چیف جسٹس نے کوئٹہ میں سپریم کورٹ رجسٹری کی نئی عمارت کا افتتاح کیا اور اس موقع پر خطاب میں بتایا کہ انہیں یہاں پر ایک شخص نے 50 لاکھ روپے ڈیم فنڈ کیلئے عطیہ کیے ہیں۔