اوسلو (علی حسن) ناروے میں مقیم ممتاز کاروباری اور سماجی شخصیت اور چیئرمین ویلفئیر اووسیز سوسائٹی دھنی ناروے چوہدری جاوید اقبال دھنی نے کہا ہے کہ ویلفئیر اووسیز سوسائٹی اپنے گاوں دھنی میں اپنے راستے پر کامیابی سے گامزن ہے اور اب تک یہ سوسائٹی متعدد فلاحی کام کر چکی ہے۔ گاوں دھنی ضلع گجرات کی تحصیل کھاریاں کے ڈنگہ روڈ پر واقع ہے۔ اس روڈ پر اکثر گاوں ایسے ہیں جن کے بے شمار مکین یورپ خصوصاً سکینڈے نیویا میں مقیم ہیں۔ ناروے اور ڈنمارک میں پاکستانیوں کی اکثریت کا تعلق اسی علاقے سے ہے۔ چوہدری جاوید اقبال کہتے ہیں کہ اب گاوں میں قبرستان کی صفائی اور مرمت کے کام سوسائٹی نے اپنے ذمہ لئے ہیں اور اس کے علاوہ قبرستان میں جنازہ گاہ اور نمازکی جگہ، وضوخانہ، بیٹھنے کی جگہ، پنکھے کی سہولت اور واٹرپمپ بھی ان امور میں شامل ہے۔ قبرستان آٹھ ایکٹر اراضی پر مشتمل ہے اور کسی مخیرشخصیت نے دوایکٹر مزید زمین قبرستان کے لیے وقف کی ہے۔ قبرستان کے احاطے کے باہر کارپارکنگ وغیرہ بھی قبرستان کے توسیعی منصوبے کاحصہ ہے۔ چوہدری جاوید اقبال کا کہناہے کہ اگرچہ یہ ٹیم ورک ہے لیکن ان ساری باتوں کا سہرا ڈنمارک میں مقیم بزرگ سماجی شخصیت سید کرامت حسین شاہ کے سر ہے جنہوں نے دن رات محنت کرکے پیسہ جمع کیا اور اس سوسائٹی کی بنیاد رکھی۔ اب وہ بھرپورسرپرستی کررہے ہیں۔ مذکورہ منصوبوں کے علاوہ اب تک جو کام اس سوسائٹی کے تحت کئے گئے ہیں، ان میں تمام گلیوں کی صفائی اور کشادگی بھی شامل ہے۔ اس سے قبل سوسائٹی کے تحت ایک ٹریکٹر اور ایک ایمبولانس بھی خریدی جاچکی ہے۔ سوسائٹی کی ابتک مختلف ممالک میں شاخیں قائم کی جاچکی ہے۔ جیساکہ گاوں دھنی کے آبادی کا ایک بڑا حصہ دیگرممالک میں آباد ہے، اس سوسائٹی میں یہ لوگ شامل ہیں۔ ناروے میں اس سوسائٹی کے چیئرمین چوہدری جاوید اقبال آف دھنی ہیں اور ان کی دلی خواہش ہے کہ اس سوسائٹی کے کام کو دیکھ کر دیگر علاقوں کے لوگ بھی اپنے علاقے میں فلاحی کام کریں۔ یہ مٹی کا قرضہ ہے جو لوگوں کو ادا کرنا چاہیے۔