بھارت کی دھمکیوں کے بعد پاک فضائیہ نے بھی تیاریاں کر لیں، تمام فارورڈ آپریٹنگ ایئر بیس مکمل آپریشنل کر دیئے گئے۔ایک ایئربیس پرایئر چیف مارشل سہیل امان کی قیادت میں میراج طیاروں نے جنگی مشقیں بھی کیں۔
بھارتی ایئر چیف مارشل بی ایس دھانوا نے 30 مارچ کو ذاتی حیثیت میں 12 ہزار افسروں کو مختصر نوٹس پر آپریشنز کے لئے تیار رہنے کا خط لکھا تھا۔ بھارتی میڈیا نے خط کے حوالے سے خبر
20 مئی کو شائع کی اور اعتراف کیا کہ خط سنگین ہوتی سیکورٹی صورت حال ، خاص طور پر کشمیر اور پاک بھارت سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کی طرف واضح اشارہ کرتا ہے۔
پاک فضائیہ نے بھی مشرقی سرحدوں پر بڑھتے ہوئے خطرات کو بھانپتے ہوئے بھر پور تیاریاں شروع کردیں۔ دشمن کو پاکستان کی فضائی طاقت سے متعلق کو ئی غلط فہمی نہ رہے ، پاک فضائیہ نے اپنے تمام فارورڈ آپریٹنگ بیس مکمل آپریشنل کردیئے۔ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے سیاچن کے محاذ پر فارورڈ ائیر بیس کا دورہ کیا، جہاں میراج طیاروں نے جنگی مشقیں کیں ، جبکہ پاک فضائیہ کے مختلف جنگی طیاروں نے سیاچن کے قریب بھی پروازیں کیں۔ پاک فضائیہ نےجنگی تیاریوں کا بھرپورمظاہرہ کیا جس کو ایئر چیف نے خوب سراہا۔ انہوں نے آپریشنل مشقوں میں حصہ لیتے ہوئے جنگی طیارہ میراج طیارہ خود بھی اڑایا۔