روبی سلویئس نامی فنکارہ ٹی بیگز پر مصوری سے ایسا فن پارہ بناتی ہیں کہ دیکھنے والا دنگ رہ جاتا ہے
چائے پی کر استعمال شدہ ٹی بیگز ہمیشہ کچرے کی ٹوکری کی نذر کر دئیے جاتے ہیں لیکن کیا کوئی سوچ سکتا ہے کہ ان ٹی بیگز کو بھی فن و مہارت سے استعمال کیا جا سکتا ہے؟ روبی سلویئس نامی فنکارہ ان استعمال شدہ ٹی بیگز کو اپنے منفرد فن مصوری کے ذریعے رنگوں سے سجا ڈالتی ہیں۔
روبی نے ٹی بیگز پر پینٹنگ 3 سال قبل شروع کی جب وہ اپنے فارغ وقت میں چائے پینے کے بعد ٹی بیگز پر مصوری کا ہنر آزماتی تھیں۔ آہستہ آہستہ ان کی دلچسپی اس قدر بڑھی کہ انہوں نے باقاعدہ طور پر 363 دنوں کا پراجیکٹ بنا ڈالا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ روبی ہر دن ٹی بیگز پر کوئی نیا منظر یا نئی چیز بناتیں اور انہیں رنگوں کی مدد سے دلکش بنا دیتیں۔ اپنے اس فن کو انہوں نے انسٹاگرام پر مداحوں سے شیئر بھی کیا۔ روبی کی اس فنکاری کو سب نے بیحد سراہا حتیٰ کہ ان کے دوست احباب نے انہیں مختلف ڈیزائن کے ٹی بیگز بھی لاکر دیئے تاکہ وہ اس پر مصوری کا جادو بکھیر سکیں۔