اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ ملک میں جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ رات پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ خوشخبری یہ ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان میں جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں بلین ٹری منصوبے سے متعلق عمران خان نے کہا کہ گلوبل وارمنگ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہے، ہم ٹمبر مافیا سے خوفزدہ نہیں بلکہ ان کا مقابلہ کریں گے، ہم نے 22 ارب روپے کی 60 ہزار کنال زمین ٹمبر مافیا سے واپس لی ہے، بلین ٹری منصوبے کے تحت صوبے بھر میں اب تک 80 کروڑ درخت لگائے جاچکے ہیں ، انشاءاللہ جلد بلین ٹری منصوبہ مکمل ہوجائے گا، جو دوسرے صوبوں کے لیے مثال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبے کا آڈٹ عالمی ادارے ورلڈ وائلڈ فاؤنڈیشن نے کیا ہے جس میں ہماری کامیابی کا تناسب 83 فیصد بتایا گیا ہے.