سابق کرکٹرز نے پاک آسٹریلیا معرکے کو سال کا بہترین ٹیسٹ قرار دے دیا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بہترین فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کیا، ٹیم آخری گیند تک لڑے تو ہار میں کوئی شرمندگی نہیں ہونی چاہیے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف گرین کیپس کی ایسی کارکردگی نہیں دیکھی،شعیب اختر نے کہا کہ نتیجہ جو بھی تھاآپ چیمپئن ہو۔ تفصیلات کے مطابق برسبین ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کی حیران کن کارکردگی نے دنیا بھر کے سابق کرکٹرز کو ستائش پر مجبور کردیا، بیشتر نے اسے سال کا بہترین میچ قرار دیا۔
عمران خان نے کہا کہ باصلاحیت اسد شفیق کی کمانڈ میں گرین کیپس نے بہترین فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کیا، جب ٹیم آخری گیند تک لڑے تو ہار میں کوئی شرمندگی نہیں ہونی چاہیے، کھلاڑیوں نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا۔
وسیم اکرم نے کہا کہ میں نے آج سے پہلے آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی ایسی کارکردگی نہیں دیکھی، نتیجہ جو بھی ہو لیکن ٹیم نے خوب جان لڑائی اور کینگروز کے پسینے چھڑا دیے، گرین کیپس کو اگلے میچز کیلیے اعتماد حاصل ہوگیا ہے،میزبان ٹیم کو اچھی طرح اندازہ ہوگیا ہوگا کہ ان کیلیے فتوحات کا سفر آسان نہیں ہے۔ جاوید میانداد نے کہا کہ پچ بیٹنگ کیلیے سازگار ہوگئی تھی لیکن مہمان ٹیم دباؤ میں کھیلتے ہوئے ایساکارنامہ کرنے کے قریب تھی جس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اس کو تاریخی فائٹ بیک قرار دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو شاباشی دی۔ مشتاق احمد نے کہا کہ بلاشبہ میچ کو سال کا بہترین ٹیسٹ کہا جا سکتا ہے، مہمان ٹیم نے دباؤ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، شعیب اختر نے پاکستانی کرکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نتیجہ جو بھی تھا،آپ چیمپئن ہو۔ انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر گریم سوان نے کہا کہ گرین کیپس نے دوسری اننگز میں حیران کن کھیل کا مظاہرہ کیا، میں پاکستان ٹیم کا مداح ہوں۔