پیرس (نمائندہ خصوصی) سفیر پاکستان برائے فرانس جناب معین الحق نے گزشتہ روز فرانس میں مقیم پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کی جس میں انہوں نے معاشرے کے پسماندہ افراد کیلئے حکومت کے خصوصی معاشی امدادی پیکج اور معاشرتی بہبود ’احساس‘ پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ کوویڈ19 کے بحران کی وجہ سے کاروبار میں بہت سی مشکلات درپیش ہیں لیکن ابھی بھی دواسازی، صحت،خوراک اور آئی ٹی کے شعبوں میں نئے کاروباری مواقعے موجود ہیں جن سے پاکستانی تاجر اور کاروباری افراد بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کوویڈ19 کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے انہیں درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس کے دوران شرکاء نے اپنی مصنوعات کے معیار میں بہتری لانے، ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ درآمدات پر انحصار کم کرنے اور مقامی سپلائی چین کے قیام کرنے کے حوالے سے مفید تجاویز پیش کیں۔سفیر پاکستان نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شرکاء سے درخواست کی کہ وہ وزیراعظم پاکستان کے ریلیف فنڈ کوویڈ19 میں فراغ دلی سے حصہ لیں تاکہ حکومت، پاکستان کے غریب، مسحق اور نادار افراد کو بروقت مالی امداد فراہم کر سکے۔