فرانس ( عمیر بیگ) پاک چین اقتصادی راہداری یقینا ایک ایساقومی منصوبہ ہے جس کی تکمیل میں سست روی ‘ کرپشن اور جانبداری و مخصوص طبقات کے مفادات کی روایت سے اجتناب کیا گیا تو اس سے ملک و قوم کی ہی نہیں بلکہ پاکستان ،چین ، افغانستان اور ایران سمیت پورے خطے کی تقدیر بدل سکتی ہے مگر اس منصوبے کی تکمیل کیلئے جہاں شفافیت و غیر جانبداری کی ضرورت ہے وہیںاس منصوبے کیخلاف روبہ عمل قوتوں کی سازشوں کو ناکام بناکر امن وتحفظ کی فراہمی بھی ناگزیر ہے اور اس حوالے سے آرمی چیف وافواج پاکستان کا عزم پاکستان کے خوش آئند مستقبل کی ضمانت ہے ۔یہ بات پاکستان مسلم لیگ ق یورپ کے سینئر رہنما چوہدری سجاد احمد ڈوگہ و دیگر نے اقتصادی راہداری کے تکمیل کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کے آرمی چیف کے عزم کی توصیف کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ غربت ہی جہالت کی ماں ہوتی ہے اور جہالت کی کوکھ سے پیدا ہونے والی بے راہروی جرائم ‘ بد امنی اور دہشتگردی جیسے اجگر پیدا ہوتے ہیں جبکہ جہالت کے پیٹ میں دولت کا لقمہ جانے سے حرص ‘ حسد’ ہوس اور لالچ کے جراثیم پلتے ہیں جو کرپشن کو جنم دیتے ہیں اسلئے اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے ملنے والی معاشی خوشحالی سے غربت دور ہونے کی توقع ہے اور غربت دور ہوجائے تو دہشتگردی ‘ بد امنی ‘ کرپشن اور جرائم کے سانپ ازخود اپنی موت آپ مرجائیں گے ۔