اسلام آباد (یس ڈیسک)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ترکمانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں جس کی بنیاد وجہ مشترکہ عقیدہ، ثقافت اور روایات ہیں۔صدر مملکت نے ترکمانستان پارلیمنٹ کی چیئر پرسن اکجانربردیوا کی قیادت میں وفد سے ایوان صدر میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے زور دیا کہ دونوں ملکوں کے پارلیمانی ممبران اور کمیٹیوں کے مابین مضبوط روابط ہونے چاہیں۔ صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک میں تجارتی حجم صلاحیت سے کم ہے جس کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو چاہیے کہ تجارت کے فروغ کے لیے سرمایہ کاروں کوآسان ویزے کی سہولیات دی جائیں تاکہ باہمی تجارت میں اضافہ ہو۔صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی عوام کے باہمی روابط کے لیے کاروباری حضرات اور سیاحوں کی سہولت کے لیے ہوائی جہاز کی سروس شروع کی جانی چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ترکمانستان۔افغانستان۔ پاکستان ۔ بھارت (ٹاپی) گیس پائپ لائن منصوبہ علاقائی توانائی کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے کے لئے ایک بہت بڑا منصوبہ ہے اور پاکستان اس منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔ صدر مملکت نیترکمانستان کی جانب سے0100 میگاواٹ بجلی کی پیش کش کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور ٹاپی منصوبے سے پورے خطے میں خوشحالی آئے گی اورعلاقائی روابط کے ذریعے ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ترکمانستان پارلیمنٹ کی چئیر پرسن محترمہ اکجانربردیوا نے کہا کہ ترکمانستان پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہش مند ہے جو دونوں ممالک کے مفادمیں ہے۔ انہوں نے صدر مملکت کو بتایا کہ ترکمانستان علاقائی ممالک کو بجلی فراہم کرنے کے لئے ٹاپی گیس پائپ لائن کے ساتھ ساتھ بجلی کی لائن بچھانے پر کام کر رہا ہے۔ صدر مملکت نیامید ظاہر کی کہ وفدکا اسلام آباد میں قیام خوشگوار اوریاد گار ہو گا۔