سفارت خانہ پاکستان فرانس میں آرمی پبلک سکول پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کی یاد میں تقریب
پیرس(پریس ریلیز) سفارت خانہ پاکستان برائے فرانس میں کرسمس کے موقع پر منعقد ہونے والی ایک تقریب میں آرمی پبلک سکول پشاورمیں شہید ہونے والے بچوں کی یاد میں اورمقبوضہ کشمیر کے شہداء جنہوں نے اپنے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جانیں قربان کیں انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اور نامور پاکستانی مسیحی اب جو ہم میں نہیں ہیں کی طرف سے پاکستان کو پرامن و خوشحال بنانے میں اہم کردار ادا کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
گزشتہ روز سفارت خانہ پاکستان میں ہونے والی اس تقریب میں فرانس میں مقیم پاکستانی مسیحی برادری، مسیحی مذہبی رہنماؤں،فرانسیسی سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور اور کشمیری شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
جناب معین الحق سفیر پاکستان نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب میں آرمی پبلک سکول کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقع ایک ظالمانہ اور غیر انسانی فعل تھا جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ سفیر پاکستان نے پاکستان سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پاکستانی قوم کے عزم اعادہ بھی کیا۔
سفیر پاکستان نے کرسمس کی مناسبت سے فرانس میں مقیم پاکستانی مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں ان کے مثبت کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسیحی برادری نے تعلیم، عدلیہ، سول و فوجی خدمات، کھیلوں اور آرٹ کے شعبوں میں اپنا شاندار کردار ادا کیا ہے۔
سفیر پاکستان نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان ملک کے اندر مختلف مذاہب و فرقوں کے درمیان برابری کی سطح پر ہم آہنگی قائم کرنے، معاشرے میں صبر و تحمل و برداشت کی روایت کو فروغ دینے اور باوقار معاشرے کی تشکیل کیلئے پرعزم ہے تاکہ پاکستان میں ایک کثیرالجہتی اور کثیر الثقافتی معاشرے کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کو مزید استحکام دیا جاسکے۔