سفارت خانہ پاکستان برائے فرانس کی جانب سے فرانسیسی سیاحوں کو پاکستان کے دورے کی دعوت
پیرس 3 مئی:2019 سفارت خانہ پاکستان برائے فرانس نے معروف فرانسیسی ٹور آپریٹر کمپنی ”کلیو“ کے ساتھ مل کر گٰذشتہ روز فرانس اور یورپ کے سیاحوں کیلئے پاکستان کو سیاحتی لحاظ سے اجاگر کرنے کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ یہ اس قسم کی دوسری تقریب تھی جو سفارت خانہ پاکستان میں منعقد کی گئی جس کا مقصد پاکستان کی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
فرانسیسی ٹور آپریٹر کمپنی کلیو کی جناب سے تقریبا 100 سے زائد فرانسیسی سیاحوں کو اس تقریب میں شمولیت کیلئے خصوصی دعوت نامے دیئے گئے تھے۔
جناب معین الحق سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں تقریب کے شرکاء کو پاکستان کے پوشیدہ سیاحتی مقامات کی تلاش کیلئے دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی منفرد اور شاندار سرزمین ہر قسم کے سیاحوں کیلئے بڑی دلچسپ اور پرکشش ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کے فروغ کیلئے موجودہ حکومت ترجیحی بنیادوں اقدامات کر رہی ہے۔ ان مقاصد کے حصول کیلئے سیاحوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا، نئی ویزہ پالیسی کا اجراء، حکومت کی دوستانہ سیاحتی پالیسی اور آنے والی نسلوں کیلئے قدرتی وسائل کو محفوظ بنانا شامل ہیں۔
سفیر پاکستان نے فرانسیسی ٹور آپریٹر کا قابل قدر شراکت دار کے طور پر پاکستان کی سیاحت کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
عالمی شہرت یافتہ اینتھروپالوجسٹ و محقق جناب جرارڈ رویلی نے اپنے دورہ پاکستان کے بارے میں تقریب کے شرکاء کو تفصیلی آگاہ کیا۔
بعد ازاں، کلیو ٹور آپریٹر کمپنی کے ڈائریکٹر ایشیاء محترمہ ماری اینک نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ ”کلیو“ نے سیاحوں کیلئے دورہ پاکستان کیلئے مختلف موضوعات کے ٹور پیکیجز پیش کیئے جن میں ”پاکستان: 5000 سالہ فن و تاریخ“، ”شمالی پاکستان“ اور ”گرینڈ ٹور پاکستان“ شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیکیجز جو کہ زیادہ تر 2019 اور 2020 کیلئے تھے وقت سے پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔
1976 میں تخلیق پانے والی فرانسیسی ٹور آپریٹر کمپنی’کلیو‘ اب تک 85 ممالک میں 200 سے زائد ٹور پیکیجز پیش کر چکی ہے۔