پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل سے ہیڈنگلے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کو انگلش ٹیم پر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور سرفراز الیون کے پاس سیریز اپنے نام کرنے کا یہ سنہری موقع ہے۔اس سے قبل
قومی ٹیم نے آخری مرتبہ وسیم اکرم کی قیادت میں 1996 میں انگلینڈ کو 2 میچز پر مشتمل سیریز میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا آغاز کل سہہ پہر 3 بجےہوگا۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی نظر سیریز اپنے نام کرنے پر ہے۔
واضح رہے کہ ہیڈنگلے کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان نے اب تک 9 میچز کھیلے جس میں اسے ایک میچ میں کامیابی حاصل ہوئی جب کہ انگلش ٹیم کو اس میدان میں کھیلنے والے گزشتہ 10 میچز میں سے صرف2 میں کامیابی ملی ہے۔
ہیڈنگلے ٹیسٹ کیلئے انگلش ٹیم کے فاسٹ بولر بین اسٹوک پریکٹس سیشن کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے، ان کی عدم موجودگی کی صورت میں سیم کوران کو گیارہ رکنی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب قومی ٹیم میں زخمی ہونے والے بابراعظم کی جگہ فخرزمان یا عثمان صلاح الدین میں سے کسی ایک کو موقع دیا جاسکتا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف قومی اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، اظہرعلی، امام الحق، سمیع اسلم، حارث سہیل، فخر زمان، سعد علی، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، شاداب خان، محمد عامر، محمد عباس، حسن علی، راحت علی اور فہیم اشرف پر مشتمل ہے۔
انگلینڈ کے اسکواڈ میں الیسٹر کک، ڈیوڈ مالان، کپتان جوئے روٹ، کیٹن جیننگ، جوس بٹلر، جونی بیرسٹو، کرس ووکس، اسٹارٹ براڈ، جیمز اینڈرسن، ڈومینک بیس، مارک ووڈ، بین اسٹوک اور سیم کوران پر مشتمل ہے۔