پیرس: 22 اکتوبر2018ء پیرس میں بین الاقوامی اشیاء خورد و نوش کے میلے کا انعقاد کیا گیا جو 21 تا 25 اکتوبر 2018 تک جاری رہے گا جس میں پاکستان کے لگائے گئے اشیاء خورد و نوش کے سٹالز نے دنیا بھر سے آئے ہوئے خریداروں کی توجہ کو اپنی طرف مرکز کیئے رکھا۔
اس میلے میں پینتالیس سے زائد معروف پاکستانی کمپنیوں نے اپنی اشیاء خورد و نوش کی نمائش کی جن میں چاول، اچار، خشک پھل، مشروبات، مصالحہ جات اور محفوظ کی گئیں خوردنی اشیاء شامل ہیں۔ فرانس سمیت دیگر ممالک کے خریداروں نے پاکستانی سٹالز کا دورہ کیا اور پاکستانی خوردنی مصنوعات میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
جناب معین الحق سفیر پاکستان نے پاکستانی سٹالز کا دورہ کیا اور پاکستانی کمپنیوں کا نمائش میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر ان کی تعریف کی۔ دوران تعارف، انہوں نے پاکستانی کمپنیوں کے نمائش کنندگان سے کاروباری اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اشیاء کے معیار، قیمتوں کے تعین، جدید مارکیٹنگ کی حکمت عملی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کیلئے مضبوط بین الاقوامی کاروباری طریقہ کار کو اختیار کریں۔
سفیر پاکستان نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہ سفارت خانہ پاکستان اور پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مشترکہ کوششوں سے ان میلوں اور نمائش میں حصہ لینے کی وجہ سے پاکستانی برآمدات میں بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ فرانس میں پاکستانی اشیاء خورد و نوش کی برآمدات میں گذشتہ سال 2016-17 کے مقابلے میں سال 2017-18 میں 18.8 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستانی باسمتی چاول کی برآمدات سال 2016-17 میں 192 ملین تھی جبکہ سال 2017-18 میں یہ برآمدات بڑھ کر 678 ملین ہوگئی ہے اور سیلہ براؤن چاول کی برآمدات سال 2016-17 میں 726 ملین تھی اور سال2017-18 میں بڑھ کر ایک بلین تک پہنچ گئی ہے۔
گلوبل بین الاقوامی اشیاء خورد و نوش کی اس نمائش (سیال)میں 109 ممالک کی 7,020 سے زائد کمپنیوں نے اپنی اشیاء خورد و نوش کی نمائش کر رہی ہیں۔