اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان نے بنگلہ دیش کے مابین مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اگلے اجلاس کے جلد انعقاد کو یقینی بنایا جائیگا، پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے طور پر بنگلہ دیش کے شہریوں پر عائد تمام ویزا پابندیاں ہٹا دی ہیں، یہ بات بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی نے بنگلہ دیش کے وزیرتجارت ٹیپو منشی سے ملاقات میں کہی۔ سفارتخانے کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اس موقع پر دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں وسیع تر تعاون کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔ بنگہ دیش کے وزیرتجارت نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے مواقعوں کو تسلیم کرتے ہوئے موجودہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ ہائی کمشنر نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اگلے اجلاس کے جلد انعقاد کی تجویز پیش کی۔ہائی کمشنر نے بنگلہ دیش کے وزیر تجارت کو بتایا کہ خیر سگالی کے طور پر پاکستان نے بنگلہ دیشی شہریوں کے لئے تمام ویزا پابندیوں کو ختم کردیا ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے مابین تجارت میں سہولیات ملیں گی۔ اس موقع پر فریقین نے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے نجی شعبوں کے مابین دوطرفہ رابطوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر اتفاق کیا۔