پاکستان نیوی کی غوطہ خور ٹیموں نے ریسکیو بوٹس کو استعمال میں لاتے ہوئے اب تک سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے جن میں خواتین ، بچے اور عمر رسیدہ افراد بھی شامل ہیں۔
اسلام آباد: پاک بحریہ سری لنکا میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی مقامی انتظامیہ کے ہمراہ ہر ممکن مادی و افرادی مدد جاری رکھے ہوئے ہے ، حالیہ سیلاب میں سینکٹروں افرادجاں بحق اور لاکھو ں بے گھر ہوگئے ہیں۔ پاکستان نیوی کا جہاز پی این ایس ذوالفقار جسے فوری طور پر کولمبو روانہ کردیا گیا تھا، پاک بحریہ کی امدادی کارروائیوں کے لیے بیس کیمپ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا ہے ، پاک بحریہ کی سرچ اور ریسکیو ٹیمیں تکنیکی ماہرین اور ضروری سازو سامان کے ہمراہ مشکل ترین زمینی صورتحال کے حامل اضلاع ہورنا، ملوانا، کلوترا اور رکساپانا کے دور دراز علاقوں میں پہنچ چکی ہیں اور سیلاب سے متاثرہ مقامی آبادی کو امداد فراہم کررہی ہیں۔
پاکستان نیوی کی غوطہ خور ٹیموں نے ریسکیو بوٹس کو استعمال میں لاتے ہوئے اب تک سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے جن میں خواتین ، بچے اور عمر رسیدہ افراد بھی شامل ہیں ، کولمبو کے دیہی اضلاع کے دور دراز مقامات پر پاکستان نیوی کی جانب سے تین میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں جن میں متاثرہ افراد کی بڑی تعداد کو علاج معالجے کی سہولیات اور مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ مزید برآں ، متاثرہ افراد میں خشک راشن ، پینے کا صاف پانی اور کھانے پینے کی دیگر اشیاءبھی تقسیم کی جا رہی ہیں ، پاک بحریہ کی امدادی ٹیموں نے سیلاب کے سبب آلودہ ہوجانے والے پانی کے 42 کنو ﺅں کو بھی خصوصی آلات کے ذریعے آلودگی سے پاک کر کے مقامی آبادی کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی بحال کردی ہے۔ سری لنکا کی مقامی سیاسی قیادت نے مشکل کی اس گھڑی میں پاک بحریہ کی جانب سے فور ی امداد کی فراہمی کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام اور خصوصاَ پاکستان نیوی کا شکریہ ادا کیا ہے ، سری لنکا میں صورتحال کے معمول پر آنے تک پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس ذوالفقار امدادی کارروائیاں جاری رکھے گا۔