پاکستان نیوی فلیٹ کی جنگی تیاریوں پر فخر ہے، پاک بحریہ سرحدوں اور مفادات کا ہرقیمت پر تحفظ کرے گی: نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ کی گفتگو
کراچی: پاک بحریہ نے شمالی بحیرئہ عرب میں میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کھلے سمندر میں ویپن فائرنگ کا یہ مظاہرہ دیکھا اور پاکستان نیوی فلیٹ کی جنگی تیاریوں کوسراہا۔ فائر پاور کے اس بھرپور مظاہرے کے دوران پاکستان نیوی کے سی کنگ ہیلی کاپٹر نے فضاء سے سطح آب پر مار کرنے والا اینٹی شپ میزائل فائر کیا۔ جس نے اپنے ہدف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا، جو ہتھیاروں کی ہلاکت خیزی اور نیول فلیٹ کی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
نیول ہیلی کاپٹر سی کنگ سے کامیاب میزائل فائرنگ پاکستان نیوی فلیٹ کی جنگی تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے سمندرمیں تعینات فلیٹی ونٹس کا دورہ بھی کیا اور جاری بحری مشقوں کامعائنہ کیا۔
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے نیول فلیٹ کی جنگی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور فائرنگ کے اس کامیاب مظاہرے میں شامل تمام افسروں اور جوانوں کی کاوشوں کی تعریف کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بلند عزم و حوصلے کو سراہا۔ انہوں نےاس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ وطن عزیز کی بحری سرحدوں اور مفادات کا ہر قیمت پرتحفظ کرے گی۔