کراچی: چند دن قبل امور خارجہ اور میری ٹائم افیئرز کے نگران وزیر عبداللہ حسین ہارون نے دریائے سندھ کے ڈیلٹا کے قریب سمندر میں تیل کے بہت بڑے ذخائر کی موجودگی کا پتہ چلنے کی خوشخبری سنائی تھی اور اب تحریک انصاف کی حکومت آنے سے پہلے ایسی ہی ایک اور خوشخبری پاک بحریہ نے بھی سنا دی ہے۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بتایا ہے کہ ’’مکران میں ہائیڈروکاربن کے بہت بڑے ذخائر کی نشاندہی ہوئی ہے۔غالب امکان ہے کہ جلد یہ ذخائر دریافت ہوجائیں گے اور پاکستانی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔‘‘نیول چیف نے یہ بات کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں کاروباری شخصیات اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا مزید کہنا تھا کہ ’’ہائیڈروکاربن کے یہ ذخائر مکران کے ساحل کے قریب سمندر میں موجود ہیں اور چینی ماہرین جلد ان کی دریافت کے لیے کام شروع کر دیں گے۔‘‘ سی پیک کے متعلق بات کرتے ہوئے نیول چیف کا کہنا تھا کہ ’’بہت افسوس کی بات ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف ایک بڑی مہم چلائی جا رہی ہے لیکن قوم سمجھ چکی ہے کہ یہ منصوبہ ملک کی معیشت کی مضبوطی کے لیے کتنا ضروری ہے۔ انہیں سی پیک کے فوائد میں کوئی شک نہیں ہے چنانچہ اس حوالے سے پورے ملک میں اعتماد کی فضاء پائی جاتی ہے۔چنانچہ اس کے خلاف پراپیگنڈا کامیاب نہیں ہو گا۔‘‘