کراچی: حکومت پاکستان کے وژن کے مطابق پاک بحریہ نے صوبہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ’’پاک بحریہ مینگروز اُگاؤ مہم 2017‘‘ کا آغاز یومِ آزادی کے موقع پرکر دیا، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ نے مینگروز کا پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ نے کہا کہ مینگروزکے جنگلات میں کمی نہ صرف ہمارے ساحلی علاقوں کے حیاتیاتی ماحول بلکہ ساحلی مکینوں کے ذریعہ معاش کو بھی متاثر کرتی ہے اس طرح کی مہمات مینگروز کے جنگلات میں اضافے کا باعث ہوںگی نیول چیف نے اعلان کیا کہ اس مہم کا نام بدل کر ’’قومی مہم برائے مینگروز اُگاؤ ‘‘ رکھ دیا گیا ہے۔ نیول چیف نے یومِ آزادی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آزادی عظیم نعمت ہے آئیے عہد کریں کہ اِس کی قدر کرتے ہوئے ہم سب اپنے فرائض ہمیشہ پوری ایمانداری سے انجام دیں گے مینگروزکے جنگلات ساحلی ماحولیاتی نظام، سمندری کٹاؤ سے بچاؤ، آبی جانداروں کی بقا کے لیے نہایت اہم ہیں بدقسمتی سے گزشتہ چند سال کے دوران متعلقہ محکموں کی غفلت اور سرد مہری کی وجہ سے پاکستانی ساحلوں پر مینگروز میں کمی واقع ہوئی ہے۔
محمد ذکا اللہ نے کہا کہ میری ٹائم شعبے میں مرکزی شراکت دار ہونے کے ناطے اور آبی حیات کے لیے مینگروزکی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے پاک بحریہ نے ساحلی پٹی پر مینگروز کے جنگلات کو دوبارہ اُگانے کااہم قدم اُٹھایا ہے، آلودگی کے خاتمے، ساحلی علاقوں کے کٹاؤ کے انسداد کے لیے اور ساحلی مکینوں کے لیے اقتصادی و مالی فوائد کے مواقع پیدا کرنے میں مینگروزکے جنگلات کی اہمیت کا احساس کرتے ہوئے پاک بحریہ وفاقی حکومت کے وژن کے مطابق مینگروز کو اُگانے کی خصوصی مہمات کا اہتمام کرتی ہے، سندھ اور بلوچستان کے محکمہ جنگلات، انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر اور ورلڈ وائلڈ لائف فنڈکے اشتراک سے پاک بحریہ نے گزشتہ سال 10لاکھ مینگرووز کے پودے لگائے،ان مہمات سے مینگروزکے جنگلات میں اضافہ ہوتا ہے۔ تقریب میں عسکری و سول شخصیات، تاجر برادری، صحافیوں،ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ، انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچراور وفاقی اور صوبائی محکمہ جنگلات کے حکام نے شرکت کی۔