رپورٹ ؛اصغر علی مبارک سے ,پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ، ویسٹ انڈیز کو 206 کا ہدف۔۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا دوسرا میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے، بابر اعظم 97 اور حسین طلعت 63 رنز بناکر نمایاں رہے۔ یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ میں پاکستان کا سب سے بڑا مجموعہ ہے جبکہ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا مجموعہ 263 رنز ہے جو آسٹریلیا نے 6 ستمبر 2016 کو پالی کیلے میں سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا تاہم فخر زمان لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 6 رنز بناکر ایمرٹ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور صرف 11 رنز تھا۔بابر اعظم اور حسین طلعت نے دوسری وکٹ پر 119 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور دونوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں حسین طلعت کی پہلی جبکہ بابر اعظم کی چوتھی نصف سنچری ہے۔پاکستان کو دوسرا نقصان 130 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب حسین طلعت 63 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد آصف علی 14 رنز بناکر ولیمز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کرکٹ ٹیم دوسرا ٹی ٹوئنٹی جیت کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرنے جبکہ مہمان ٹیم حساب برابر کرنے کیلئے پر عزم ہے۔پاکستان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 143 رنز سے جیتا تھا پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھا ہے۔پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی