بیجنگ (ویب ڈیسک) پاکستان اور چین کی فضائیہ مشترکہ مشقیں شاہین 7کریں گی، یہ مشقیں پاکستان کے ایک ایئربیس پر کی جائیں گی جس کا اعلان چین کی وزارت دفاع کے ترجمان نے کیا۔ ماہانہ بنیادوں پر دی جانیوالی بریفنگ میں ترجمان کاکہناتھاکہ چین اپنے لڑاکا طیارے، بمبار اور وارننگ پلینز تربیتی مشقوں کیلئے بھیجے گا جو 23دسمبرتک جاری رہیں گی ۔انہوں نے بتایاکہ یہ مشقیںدونوں ممالک کے درمیان سالانہ کواپریشن پلان کا حصہ ہیں جن سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مہارت میں اضافے کا سبب بنیں گی۔دونوں ممالک کے درمیان شاہین سیریز مشقوں کا آغاز مارچ 2011میں ہوا تھا اور اب تک چھ بار یہ ہوچکی ہیں۔ ژوہائے ایئر شومیں پاکستان ایئرفورس کی شرکت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان کاکہناتھاکہ چین اور پاکستان ہرموسم کے دوست ہیں اور دونوں ممالک کی مسلح افواج بھی اعلیٰ سطحی سیکیورٹی تعاون جاری رکھتی ہیں۔ ترجمان نے بتایاکہ ایئرشوکے دوران پاکستان ایئرفورس نے اعلیٰ معیار برقراررکھا ۔