نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) کے 20 رکنی وفد نے آج سفارت خانہ پاکستان پیرس کا دورہ کیا۔ سفیر پاکستان جناب معین الحق نے انہیں پاکستان فرانس کے درمیان باہمی تعلقات کے بارے میں بریفنگ دی۔
سفیر پاکستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان گرم جوش اور مضبوط باہمی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک عالمی امن اور سلامتی کے معاملات پر مل کر کام کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی وفود کے تبادلے جن میں پارلیمانی وفود، نجی شعبوں کے وفود کے تبادلوں اور ان کے ذریعے باہمی سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافت کے میدان میں موجودہ تعاون کو مزیدبہتر بنانے کیلئے بھی کام کر رہیں ہیں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور سال 2016 میں 2015کے مقابلے میں 16 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کی نشانی ہے۔ فرانسیسی تجارتی وفد کا پاکستان کا کامیاب حالیہ دورہ دونوں ممالک کے اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سفیر پاکستان نے وفد کو بتایا کہ سفارت خانہ پاکستان فرانس میں پاکستان کے ثقافتی اور سماجی اقدار کو متعارف کروانے کیلئے ایک پروگرام جس کا عنوان ”سلیبریٹنگ پاکستان“ ہے کو متعارف کروایا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے پاکستان کے سماجی اور ثقافتی روایات کو متعارف کروایا جائے گا تاکہ فرانس میں پاکستان کے تصور کو بہتر بنایا جاسکے۔
این ڈی یو کا وفد اپنے ایک ہفتہ کے تربیتی دورے کے دوران فرانس کی وزارت دفاع اور وزارت خارجہ امور کا بھی دورہ کرے گا۔ اس دورے کے دوران وفدکو فرنچ سنٹر آف ایڈوانس سٹیڈیز اور فاؤنڈیشن برائے سٹریٹجک ریسرچ کے نقطہ نظرسے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا شمار پاکستان کا اعلی ترین تربیتی اداروں میں ہوتا ہے۔ یہ ادارہ اعلی تعلیمی معیار اور تحقیق کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔ یہ ادارہ قومی سلامتی کے امور پر تحقیقات اور تعمیری رائے بھی مہیاکرتا ہے۔