ایشین ہاکی فیڈریشن نے پاکستان اور بھارت کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ اے ایچ ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طیب اکرام کہتے ہیں کوشش ہے کہ دونوں ملکوں کے تنازعات جلد ختم کیے جائیں۔
ایک انٹرویو میں طیب اکرام نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کی ہاکی فیڈریشنز کے درمیان تنازع دور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ یہ معاملہ وہ روزانہ کی بنیاد پر دیکھ رہے ہیں۔ان کی کوشش ہے کہ اس معاملے کا حل دونوں ملکوں کے لیے قابل قبول ہو۔ عمان میں نیوٹرل مقام پر پاک بھارت ہاکی سیریز سے متعلق سوال پر طیب اکرام نے کہا کہ وہ ابھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ دونوں ملکوں کے لیے یہ آپشن کتنا قابل عمل ہے۔