اسلام آبادوزیرخزانہ اسحاق ڈار نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش کی ہے۔وہ اسلام آباد میں سعودی شاہی عدالت کے مشیر اوروزیراحمد الخطیب سے گفتگو کررہے تھے۔ اسحاق ڈار نے انہیں بتایا کہ پاکستان میں خصوصا توانائی اور پیٹرو کیمیکل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ اقتصادی اورسیکورٹی کی بہتر صورتحال غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کررہی ہے۔ پاکستان میں آزادانہ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔احمد الخطیب نے اقتصادی تعاون میں اضافے کے سلسلے میں سعودی قیادت کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے سعودی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔فریقین نے تجارتی اور معاشی تعاون میں اضافے کے امکانات کابھی جائزہ لیا۔